اشتعال انگیزی؛ بھارتی فوج کی سیالکوٹ سیکٹر میں فائرنگ سے شہری زخمی

سیالکوٹ: بھارتی فوج کی فائرنگ سے  سیالکوٹ سیکٹر کے گاؤں سکھیال میں کھیتوں میں کام کرنے والا محمد حنیف شدید زخمی ہوگیا۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارت نے ایک بار پھر سیز فائر معاہدے کی خلاف ورزی کی ہے اور بھارتی فوج نے ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورکنگ باؤنڈری پر شہری آبادی کو نشانہ بنایا جس میں ایک اور شہری بھارتی درندگی کا نشانہ بن گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق بھارتی فوج نے سیالکوٹ کے گاؤں سکھیال میں بلااشتعال فائرنگ کی۔ فائرنگ کے نتیجے میں کھیت میں کام کرنے والا محمد حنیف نامی شہری شدید زخمی ہوگیا، محمد حنیف کو سی ایم ایچ اسپتال سیالکوٹ منتقل کردیا گیا ہے۔

آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ بھارت معصوم شہریوں کو نشانہ بنارہا ہے۔ اس حوالے سے  پاکستان رینجرز نے بھارت سے فلیگ میٹنگ کا مطالبہ کردیا ہے، فلیگ میٹنگ میں پاکستان رینجرز بھارتی فائرنگ پر احتجاج کرے گی۔

Facebook Comments

یہ بھی دیکھیں

ماڈل ایان علی کو انٹرپول کے ذریعے گرفتار کرنے کا حکم

 راولپنڈی: کسٹم عدالت نے کرنسی اسمگلنگ میں ملوث ماڈل ایان علی کی انٹرپول کے ذریعے گرفتاری …